کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اس کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ دشمن نے جب بھی اشتعال انگیزی کا راستہ چنا، پاکستان کی مسلح افواج نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور بہترین قیادت کا ایک درخشاں مرکز ہے۔ انہوں نے وطن کے محافظوں اور دوست ممالک کے مہمان افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملک کی خودمختاری کے نگہبانوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔
وزیراعظم نے ایک سال قبل کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی اور خود کو ہم سے برتر سمجھنے کی فاش غلطی کی۔ پاکستان نے پہلے مذاکرات کی مخلصانہ اور سنجیدہ پیشکش کی، لیکن دشمن نے اسے نظرانداز کر کے جارحیت کا راستہ چنا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی فضائی برتری اور میزائلوں کی نشانہ بنانے کی درست صلاحیت نے دشمن کو وہ تاریخی سبق سکھایا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی بڑی کامیابی ملی جہاں ہمارا سچ پر مبنی مؤقف تسلیم کیا گیا اور دشمن کے مضحکہ خیز الزامات عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فوجی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر معمولی جرات، ذمہ دارانہ قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر کے دفاعِ وطن کے قومی یقین کو مزید پختہ کیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاک سرزمین سے دہشت گردی کے ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا اور یہ جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور امریکہ کی جنگ نے پورے خطے کو معاشی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے اس بحران کو ٹالنے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہمیشہ کی طرح فرنٹ لائن پر رہ کر بھرپور سفارتی کاوشیں کی ہیں۔