اسلام آباد : مالی سال 2026-2027 کے ترقیاتی بجٹ کی آمد سے قبل وفاقی دارالحکومت میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے بجٹ سازی کے عمل میں اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے باقاعدہ طور پر بجٹ تجاویز طلب کر لی ہیں، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے سیاسی و معاشی وفود آج شام اسلام آباد میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی نے ملک بھر بالخصوص سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفارشات کا مسودہ مکمل طور پر تیار کر لیا ہے۔آج شام ہونے والی اہم بیٹھک کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے پارٹی حکمتِ عملی واضح کرتے ہوئے کہا ہے "ہم حکومت سے ملاقات میں پہلے ان کا ہوم ورک اور بجٹ کا تفصیلی مؤقف سنیں گے۔ حکومت کا پلان سننے کے بعد پیپلز پارٹی اپنی تیار کردہ بجٹ تجاویز اور غریب پرور مطالبات باقاعدہ طور پر میز پر رکھے گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے سخت اہداف کے پیشِ نظر حکومت کے لیے ترقیاتی بجٹ کا توازن برقرار رکھنا مشکل چیلنج ہے، اور آج شام ہونے والی یہ ملاقات حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔