Wed, September 16, 2026

ملزمہ پنکی کا صرف ایک اکاؤنٹ نہیں، متعدد اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں؛ گرفتاری انتہائی مشکل سے عمل میں آئی، ملزمہ کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے، آئی جی سندھ

 ملزمہ پنکی کا صرف ایک اکاؤنٹ نہیں، متعدد اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں؛ گرفتاری انتہائی مشکل سے عمل میں آئی، ملزمہ کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے، آئی جی سندھ

کراچی : آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ہائی پروفائل منشیات کیس کی مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف مالیاتی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، کیونکہ ملزمہ کا صرف ایک بینک اکاؤنٹ نہیں بلکہ متعدد خفیہ اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ جس نوعیت کے کیسز بن چکے ہیں، ان کی روشنی میں روز نئے اور چونکا دینے والے انکشافات ہو رہے ہیں، اور اس نیٹ ورک میں شامل کئی معتبر ناموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے ملزمہ کی گرفتاری کی حساسیت اور سیکیورٹی خدشات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا    "ملزمہ پنکی کا اصل مرکز لاہور تھا اور وہ زیادہ تر وہیں رہتی تھی، کراچی آمد پر پولیس نے سخت نیٹ ورکنگ کے بعد اسے انتہائی مشکل سے گرفتار کیا۔ موجودہ صورتحال میں ملزمہ کو کسی سے بھی سیکیورٹی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، اس لیے میڈیا اسے گلیمرائز نہ کرے تاکہ بات فلم بننے تک نہ پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زہر کے اس کاروبار میں ملوث کسی بھی چہرے کو رعایت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کے اکاؤنٹس کی فارنزک جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے کتنے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں اور اس کے پسِ پردہ کون سے بڑے مہرے متحرک تھے۔

ٹیگز: