Wed, September 16, 2026

مریم نواز کا عوامی فلاحی انقلاب

مریم نواز کا عوامی فلاحی انقلاب

پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایک عام انسان کی سب سے بڑی خواہش یہی ہوتی ہے کہ اس کے پاس اپنی چھت ہو، ایک ایسا گھر ہو جہاں وہ اپنے بچوں کے ساتھ سکون اور عزت کی زندگی گزار سکے۔ مگر مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے تعمیراتی اخراجات نے متوسط اور غریب طبقے کے لیے گھر بنانا تقریباً ناممکن بنا دیا تھا۔ ایسے حالات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کیا گیا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری اور امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ منصوبہ صرف ایک حکومتی سکیم نہیں بلکہ ایک سماجی انقلاب کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو باعزت زندگی کی طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی جس انداز میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دی، اس نے ثابت کیا کہ وہ صرف اعلانات کی سیاست نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت پنجاب حکومت مستحق افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کر رہی ہے۔ موجودہ دور میں جہاں بینکوں سے قرض لینا عام آدمی کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے اور سود کی شرح آسمان سے باتیں کر رہی ہے، وہاں حکومتِ پنجاب کی جانب سے بغیر سود قرض دینا ایک غیر معمولی قدم ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف غریب اور متوسط طبقے کو سہارا ملے گا بلکہ معاشرے میں اعتماد اور امید کی فضا بھی پیدا ہو گی۔ اس پروگرام کی سب سے بڑی خوبی اس کا شفاف نظام ہے۔ ماضی میں اکثر عوامی منصوبوں پر اقربا پروری، سفارش اور سیاسی مداخلت کے الزامات لگتے رہے، مگر اس منصوبے میں حکومت نے واضح کیا ہے کہ قرض صرف میرٹ پر دیا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ عام شہری بھی اس پروگرام پر اعتماد کر رہے ہیں اور بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرا رہے ہیں۔ سکیم کے طریق کار کو دیکھا جائے تو حکومت نے اسے آسان اور عام فہم بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ دیہاتوں اور شہروں میں رہنے والے لوگ بغیر کسی پریشانی کے اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے امیدوار کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے۔ اس کے پاس قومی شناختی کارڈ ہونا چاہیے جبکہ درخواست گزار کے نام پر ایک چھوٹا پلاٹ یا زمین موجود ہونی چاہیے جہاں گھر تعمیر کیا جا سکے۔
درخواست دینے کے لیے حکومت کی جانب سے آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ضلعی دفاتر میں بھی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ لوگ جو انٹرنیٹ استعمال نہیں کر سکتے، وہ بھی آسانی سے درخواست دے سکیں۔ درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ ادارے درخواست گزار کی معلومات، زمین اور مالی حیثیت کی جانچ پڑتال کرتے ہیں۔ اگر تمام معلومات درست ہوں تو قرض کی منظوری دے دی جاتی ہے۔ اس پروگرام میں قسطوں کا نظام بھی انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ حکومت نے قرض کی واپسی کے لیے نو سال کی مدت مقرر کی ہے جبکہ ماہانہ قسط تقریباً 14 ہزار روپے رکھی گئی ہے تاکہ ایک عام سرکاری ملازم، دکاندار، مزدور یا چھوٹا کاروبار کرنے والا شخص بھی آسانی سے ادائیگی کر سکے۔ مزید یہ کہ ابتدائی تین ماہ تک قسط ادا کرنے سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ گھر بنانے والا شخص تعمیراتی اخراجات بہتر انداز میں سنبھال سکے۔عوام کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ قرض حاصل کرنے کے لیے کسی ایجنٹ یا سفارش کی ضرورت نہیں۔ حکومت بار بار واضح کر چکی ہے کہ تمام عمل شفاف اور ڈیجیٹل نظام کے تحت ہو گا۔ لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی فراڈ یا جعلی ایجنٹ سے بچیں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔اس پروگرام کے ذریعے صرف گھر ہی تعمیر نہیں ہوں گے بلکہ معیشت کا پہیہ بھی تیزی سے چلے گا۔ جب ہزاروں گھروں کی تعمیر شروع ہو گی تو سیمنٹ، سریا، اینٹوں، لکڑی، پینٹ اور دیگر تعمیراتی سامان کی مانگ بڑھے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مستری، مزدور، الیکٹریشن، پلمبر اور دیگر ہنر مند افراد کو بھی روزگار ملے گا۔ یوں یہ منصوبہ ایک طرف غریب کو گھر دے گا تو دوسری جانب معیشت میں نئی جان بھی ڈالے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوامی خدمت کے شعبے میں جس رفتار سے کام کیا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، کسانوں کی معاونت اور خواتین کے لیے مختلف منصوبوں کے بعد اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ ایک اچھی قیادت وہی ہوتی ہے جو عوام کی بنیادی ضروریات کو سمجھے اور گھر یقینا ہر انسان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔آج پنجاب کا ایک مزدور، ایک سفید پوش ملازم اور ایک غریب باپ اس امید کے ساتھ مستقبل کو دیکھ رہا ہے کہ اب اس کے بچوں کا اپنا گھر ہو گا۔ وہ گھر جہاں کرائے کی فکر نہیں ہو گی، جہاں ہر مہینے مکان مالک کے تقاضے نہیں ہوں گے اور جہاں عزت و سکون کے ساتھ زندگی گزاری جا سکے گی۔ یہی احساس کسی بھی فلاحی حکومت کی اصل کامیابی ہوتا ہے۔بلاشبہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام دوستی، وژن اور غریب پروری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر یہ منصوبہ اسی شفافیت اور رفتار کے ساتھ جاری رہا تو آنے والے برسوں میں لاکھوں خاندانوں کی زندگیاں بدل سکتی ہیں اور پنجاب حقیقی معنوں میں ایک فلاحی صوبے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

ٹیگز: