Wed, September 16, 2026

مریم نواز کا ’’رمضان نگہبان پیکیج‘‘فلاحی ریاست کی جانب عملی پیش رفت

مریم نواز کا ’’رمضان نگہبان پیکیج‘‘فلاحی ریاست کی جانب عملی پیش رفت

رمضان المبارک صرف عبادت اور روحانی تربیت کا مہینہ نہیں بلکہ ریاستی ذمہ داریوں کے امتحان کا وقت بھی ہوتا ہے۔ ایسے میں حکومتِ پنجاب نے‘‘رمضان نگہبان پیکیج 2026’’کے ذریعے عوامی ریلیف کو ایک منظم اور باوقار شکل دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں سستے بازاروں کے قیام، سبسڈی کی فراہمی، براہِ راست مالی امداد اور سخت پرائس کنٹرول اقدامات کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ حکومت کمزور طبقات کے ساتھ کھڑی ہے۔رمضان نگہبان کے نام سے لگائے گئے سستے بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبے بھر کے تمام شہروں میں سہولت بازار مکمل طور پر فعال ہیں اور اشیاء خورونوش کم از کم 15 فیصد سستی دستیاب ہیں۔ دس کلو آٹے کی قیمت 900 روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ عام آدمی کو فوری ریلیف مل سکے۔ مزید برآں بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ سہولیات، بیٹھنے کی جگہ، صفائی اور ٹائلٹ جیسی بنیادی سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، جو اس پروگرام کو محض سبسڈی سکیم نہیں بلکہ ایک منظم عوامی خدمت بناتا ہے۔اس پیکیج کا سب سے نمایاں پہلو‘‘رمضان نگہبان کارڈ’’ہے۔ وزیر اعلیٰ نے 40 لاکھ خاندانوں کو یہ کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا، جن میں سے لاکھوں کارڈ گھروں کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں۔ ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ مزدور کارڈ ہولڈرز کو اضافی 7 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ رقم اے ٹی ایم یا مقررہ کیمپ سائٹس سے حاصل کی جا سکتی ہے، جس کے لیے صوبے بھر میں 167 کیمپ سائٹس فعال کی گئی ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف شفافیت بڑھی بلکہ لمبی قطاروں اور سفارش کلچر کا خاتمہ بھی ممکن ہوا۔وزیر اعلیٰ نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی دکانیں فوری سیل کی جائیں۔ مزید یہ کہ اگر کوئی ایجنٹ رمضان نگہبان کارڈ کے عوض رقم طلب کرے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ سختی دراصل اس عزم کی عکاسی ہے کہ عوامی ریلیف کو کرپشن یا بدانتظامی کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔حکومت نے 147 شہروں میں تقریباً 300 دسترخوان لگانے کا بھی اعلان کیا ہے جہاں اعلیٰ معیار کا کھانا مستحق افراد کو فراہم کیا جائے گا۔ مساجد، لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات، صفائی مہم، اور بازاروں کے اوقات کار میں نرمی جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ رمضان پیکیج کو ہمہ جہت انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔ مری، ملتان، رحیم یار خان، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں میں رمضان بازاروں کی فعالیت اس پروگرام کی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔رمضان نگہبان پیکیج 2026 دراصل ایک ایسے فلاحی ماڈل کی جھلک پیش کرتا ہے جس میں سبسڈی، براہِ راست مالی امداد، انتظامی نگرانی اور سماجی سہولیات کو یکجا کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا یہ اقدام نہ صرف رمضان کے دوران عوامی مشکلات کم کرنے کی کوشش ہے بلکہ ایک ایسے طرزِ حکمرانی کی علامت بھی ہے جو خدمت، شفافیت اور فوری عمل درآمد پر یقین رکھتا ہے۔ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو پنجاب میں سماجی تحفظ کا نظام مزید مضبوط ہو سکتا ہے اور حقیقی معنوں میں ریاست عوام کی دہلیز تک پہنچ سکتی ہے۔

ٹیگز: