اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں آج آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے زیادہ تر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، شیخوپورہ، بھکر اور جھنگ سمیت دیگر شہروں میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے سوات، دیر، چترال، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، اور ڈی آئی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً دوپہر کے وقت غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔