کوپن ہیگن:ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کی بہادری، قربانیوں اور ملکی دفاع میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں خواتین، بچے، بزرگ، سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ مقامی ڈینش میئر، ڈپٹی میئر اور کونسلرز نے شرکت کی، جو کمیونٹی کے لیے ایک اعزاز کی بات تھی۔ شرکاء نے بڑی جوش و جذبے سے شرکت کر کے افواجِ پاکستان سے محبت اور وطن سے وابستگی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے منتظمین میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن ڈنمارک کے صدر بابر خان، پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے قائم مقام صدر سید امیر مختار نقوی اور ممتاز سماجی شخصیت چوہدری افضال آف ڈھل شامل تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر (چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، صدارتی ایوارڈ یافتہ) تھے، جبکہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت میاں منیر مہمانِ خاص کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب میں پاکستان کی کامیابی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، ملی نغمے پیش کیے گئے، اور حاضرین نے نغموں کی دھن پر رقص کرتے ہوئے جشن منایا۔ "پاکستان زندہ باد"، "افواجِ پاکستان زندہ باد"، "سپہ سالار جنرل عاصم منیر زندہ باد" اور "مودی مردہ باد" کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
قابل ذکر بات یہ تھی کہ مختلف سیاسی جماعتوں جیسے تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے کارکنان پہلی بار ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح کا جشن منا رہے تھے، جو اتحاد و اتفاق کی روشن مثال تھی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہاافواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ ہمارے سپاہیوں نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ قابل فخر ہے اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"
تقریب میں جنگ کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ سینئر صحافی راجہ غفور نے بھی خصوصی شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔