بیجنگ : چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے اور ملی امنگوں کے ساتھ منایا گیا۔ اس پروقار تقریب میں سفارت خانے کے افسران، بیجنگ میں مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں تحریکِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اتحاد و اتفاق کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مقررین نے 23 مارچ 1940 کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک روشن منزل کا سنگِ میل قرار دیا۔
تقریب میں شریک پاکستانیوں، بالخصوص بچوں اور خواتین نے قومی لباس زیب تن کر رکھے تھے، جس سے سفارت خانے کا ماحول حب الوطنی کے رنگوں میں رنگ گیا۔
شرکاء نے وطنِ عزیز کی سلامتی، معاشی استحکام اور دشمنوں کی سازشوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ سفارتی حکام نے چین میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کا "اصلی سفیر" قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔