کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے نابینا وکیل سید صادق حسین کو جوڈیشل سروسز رولز کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ بھرتی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ ان کی درخواست پر سنایا، جس میں انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کے قوانین میں نرمی کرنے کی استدعا کی تھی۔
عدالت نے حکم دیا کہ اس فیصلے پر چار ہفتوں میں عمل درآمد کیا جائے، اور اگر اس دوران کوئی آسامیاں خالی نہ ہوں تو آئندہ آنے والی آسامیاں پر انہیں بھرتی کیا جائے گا۔ درخواست گزار نے عدالت میں بتایا کہ 2014 میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی بھرتیوں کے لیے اشتہار شائع ہوا تھا، اور سلیکشن کمیٹی کی سفارش کے بعد انہیں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا۔ تاہم، بصارت کی خرابی کی وجہ سے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ روک لیا گیا تھا اور انہیں سندھ ہائیکورٹ سے رعایت کی درخواست کرنے کا کہا گیا تھا۔
عدالت نے درخواست گزار کے کیس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے قواعد میں نرمی کرنے کا حکم دیا اور فیصلے کی نقول سیکریٹری قانون اور رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو بھی ارسال کرنے کا حکم دیا۔