Wed, September 16, 2026

پاکستان اور سعودی عرب کا رابطہ، ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا رابطہ، ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے اگلے مرحلے کو مشترکہ کوششوں سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد نے ایران-امریکا معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی، جبکہ وزیراعظم نے بھی “اسلام آباد امن معاہدے” پر دستخط ہونے پر سعودی ولی عہد کو نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ ایران-امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو بھی مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے گا اور مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے یا سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف بھرپور چوکسی اختیار کی جائے گی۔

بات چیت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جامع اقتصادی پیکیج کو جلد حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو دورۂ پاکستان کی بھی باضابطہ دعوت دی۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا اور اس امر پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے باقی معاملات کو صرف مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی بھرپور معاونت کے نتیجے میں یہ امن پیش رفت چند ماہ کے اندر ممکن ہوئی۔ انہوں نے اس پورے عمل میں سعودی قیادت کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار پر شکریہ ادا کیا۔
 
 
 

ٹیگز: