Wed, September 16, 2026

اسحاق ڈار کا قاہرہ میں آر-4 گروپ اجلاس میں شرکت کا اعلان

اسحاق ڈار کا قاہرہ میں آر-4 گروپ اجلاس میں شرکت کا اعلان

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ آر-4 گروپ ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جن کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، امن و سلامتی کے امور اور علاقائی استحکام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

گزشتہ اجلاسوں کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے، شرکاء مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کریں گے۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے ساتھ تفصیلی دو طرفہ ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات بھی کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے، تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ آر-4 پلیٹ فارم کو رکن ممالک کے درمیان مشاورت، تعاون اور خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کا ایک اہم فورم تصور کیا جاتا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: