Wed, September 16, 2026

پاکستان کا افغان حکومت سے احتجاج، فوجیوں کی شہادت پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن دفترِ خارجہ طلب

پاکستان کا افغان حکومت سے احتجاج، فوجیوں کی شہادت پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن دفترِ خارجہ طلب

اسلام آباد:پاکستان نے افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملے میں چار پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افغان حکومت کے سامنے سخت احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفترِ خارجہ طلب کیا اور باضابطہ ڈی مارش دیا۔

دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق افغان سفارتی اہلکار کو پاکستان کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ افغانستان میں دہشت گرد عناصر، خصوصاً فتنہ الخوارج اور کالعدم ٹی ٹی پی کو حاصل محفوظ پناہ گاہوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کو روکنے کے لیے فوری، مؤثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کریں اور حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

دفترِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگز: