کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جدید تقاضوں کے مطابق ایک نیا مالیاتی نظام ’پریزم پلس‘ لانچ کر دیا ہے، جو ملک میں ادائیگیوں اور مالی لین دین کو زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر بنانے میں مدد دے گا۔
اس نظام کا افتتاح گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پریزم پلس پاکستان کے بینکنگ نظام میں ایک اہم قدم ہے جو مالیاتی شعبے میں شفافیت اور بہتری لائے گا۔ ان کے مطابق اسٹیٹ بینک بینکاری کے شعبے میں کئی بنیادی اصلاحات کر رہا ہے تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پریزم پلس خاص طور پر گورنمنٹ سیکیورٹیز کے لین دین کو ڈیجیٹل اور جدید انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جو ملک کے مالیاتی ڈھانچے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یہ نیا نظام بین الاقوامی معیار (ISO 20022) کے مطابق بنایا گیا ہے، جو اس وقت دنیا کے کئی ترقی یافتہ ملکوں کے مالیاتی اداروں میں استعمال ہو رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے ذریعے پاکستان کا مالیاتی ڈھانچہ بھی جلد عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو جائے گا۔