کیلیفورنیا : اوپن اے آئی ایسی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جس سے یہ پتا چلایا جا سکے گا کہ کوئی تحریر چیٹ جی پی ٹی سے لکھی گئی ہے یا نہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، کمپنی "ٹیکسٹ واٹرمارکنگ" کے نام سے ایک نظام پر تحقیق کر رہی ہے۔ اس طریقے میں چیٹ جی پی ٹی جب کچھ لکھے گا تو اس میں ایسے خفیہ نشان (واٹرمارک) شامل ہوں گے جو عام طور پر نظر نہیں آئیں گے، لیکن ماہرین ان سے یہ جانچ سکیں گے کہ متن چیٹ جی پی ٹی کا ہے۔
اوپن اے آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نشان چیٹ جی پی ٹی کے الفاظ کے انتخاب میں معمولی تبدیلیوں سے بنائے جائیں گے۔ تاہم اگر کوئی اس تحریر کو ترجمہ کر دے، دوبارہ لکھوا لے یا کسی اور AI سے تبدیل کروا لے تو یہ طریقہ ناکام بھی ہو سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹول ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے، اور یہ بھی سوچا جا رہا ہے کہ آیا اسے عام لوگوں کے لیے دستیاب کیا جائے یا صرف تعلیمی اداروں اور ماہرین کو۔