کیلیفورنیا: اوپن اے آئی اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو ایک جامع “سپر ایپ” میں ڈھالنے پر کام کر رہی ہے، جس میں جدید کوڈنگ ٹولز اور اے آئی ایجنٹس شامل کیے جائیں گے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد ممکنہ اسٹاک مارکیٹ فہرست سے قبل کمپنی کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اوپن اے آئی اپنی اندرونی پالیسیوں میں بڑی تبدیلیاں کرے گی اور زیادہ توجہ بڑے کارپوریٹ صارفین کے حصول پر دے گی، جبکہ حریف کمپنی اینتھروپک کے ساتھ مسابقت کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں اوپن اے آئی کی کوڈنگ سروس “کوڈیکس” کو اضافی وسائل اور بہتر تکنیکی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسی طرح چیٹ جی پی ٹی کے صارف انٹرفیس کو بھی مزید جدید بنایا جائے گا، جس میں نئے فیچرز اور پروموشنل ٹولز شامل ہوں گے۔ ان فیچرز کا مقصد صارفین کو کوڈنگ، امیج جنریشن اور تھرڈ پارٹی سروسز جیسے کینوا وغیرہ کی طرف راغب کرنا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اس سال کے اختتام تک آمدنی میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ متوقع ہے، جس میں کوڈیکس کے سبسکرپشن صارفین کا اہم کردار ہوگا۔
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب کے قریب پہنچ چکی ہے، جن میں سے تقریباً 5 کروڑ صارفین ماہانہ بنیادوں پر فیس ادا کرتے ہیں۔