Wed, September 16, 2026

یوکرین میں روسی فوجی کارروائیاں دو دن کے لیے معطل

یوکرین میں روسی فوجی کارروائیاں دو دن کے لیے معطل

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایسٹر کی مناسبت سے یوکرین میں جنگی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جو محدود مدت کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

روسی صدارتی محل کریملن کے مطابق یہ عارضی جنگ بندی 19 اپریل کی شام 6 بجے سے شروع ہوکر 21 اپریل کی رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔

کریملن کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یوکرینی فریق بھی اس سیز فائر کی پاسداری کرے گا۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ اگر یوکرین کی جانب سے کوئی خلاف ورزی کی گئی تو روسی فوج مؤثر انداز میں ردعمل دے گی۔

صدر پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ جنگ بندی کے دوران یوکرین کے طرز عمل سے اس کی امن مذاکرات میں دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ روس ہمیشہ سے پرامن حل کے لیے تیار رہا ہے۔

پیوٹن نے مزید کہا کہ وہ ان عالمی طاقتوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں، جن میں امریکا، چین اور دیگر ممالک شامل ہیں، جو یوکرین تنازع کے منصفانہ تصفیے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

دوسری طرف، امریکی حکومت نے یورپی اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر ایک نئی امن پیشکش متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد روس اور یوکرین کے درمیان مستقل جنگ بندی اور تنازع کا خاتمہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیرس میں یورپی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اس مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس تجویز میں کہا گیا ہے کہ اگر مضبوط اور طویل المدتی جنگ بندی قائم ہو جاتی ہے تو امریکہ روس پر عائد چند اقتصادی پابندیاں نرم کرنے پر غور کر سکتا ہے۔

 
 

ٹیگز: