Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے ریاض سے لندن روانہ

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے ریاض سے لندن روانہ

ریاض :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے لندن کی طرف روانگی اختیار کر لی ہے۔ ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت اور اعتماد کی گہری علامت ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کے چیلنجز اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سب سے اہم بات یہ رہی کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ایک اہم دفاعی معاہدہ بھی کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوا تو اسے دونوں ممالک پر حملہ سمجھا جائے گا۔ اس معاہدے کا مقصد خطے میں امن اور سلامتی کو مضبوط کرنا ہے۔

وزیراعظم کے استقبال کے لیے سعودی فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور توپوں کی سلامی بھی دی گئی، جو دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کا ثبوت ہے۔یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔

ٹیگز: