Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کل ریاض روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کل ریاض روانہ ہوں گے

اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کل ریاض روانہ ہوں گے، جہاں وہ نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کرے گا، جو 27 سے 29 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزرا بھی شامل ہیں۔

یہ فورم "خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی راہیں" کے موضوع پر ہوگا، جس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار اور پالیسی ساز شریک ہوں گے۔ یہاں پر مختلف عالمی چیلنجز، مواقع، اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جیسے کہ جدت، پائیداری، اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں۔

وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کے دوران دیگر عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جس کا مقصد پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور پائیدار ترقی کے لیے مزید تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم کا یہ دورہ اقتصادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹیگز: