راولپنڈی : خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی۔ یہاں خوارج کے ٹھکانوں کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں 4 افغان شہری بھی شامل تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم دہشت گرد کمانڈر، عالم محسود بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز کا "عزمِ استحکام" آپریشن پوری شدت سے جاری ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ان کی کامیاب کارروائیاں ملکی سلامتی کو مزید مستحکم کریں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرنے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔