Wed, September 16, 2026

سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ

سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ

اسلام آباد:  نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے 19 سے 26 مئی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطہ پوٹھوار کے اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آنے والے دنوں میں سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، اور یہ صورتحال پہلے سے جاری موسمی تخمینوں کے مطابق قرار دی گئی ہے۔

بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

اسی طرح کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، جیکب آباد، تھرپارکر، نوشہرو فیروز، کشمور، شہید بینظیر آباد اور مٹیاری میں بھی شدید گرمی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں تربت، سبی، اُتھل، جھل مگسی، نصیرآباد اور جعفرآباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جہاں زیادہ درجہ حرارت صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 23 مئی تک گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں، جبکہ خاردوپین، اشکومن، دیوسائی، شسپر، ہنارچو، ہنڈر، گلکن، درکوت اور رُشن کے علاقے حساس قرار دیے گئے ہیں۔
 
 
 
 

ٹیگز: