Wed, September 16, 2026

اگر بھارت نے پانی روکا تو سخت نتائج بھگتے گا، پاکستان کا دوٹوک پیغام: ڈی جی آئی ایس پی آر

اگر بھارت نے پانی روکا تو سخت نتائج بھگتے گا، پاکستان کا دوٹوک پیغام: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی غلطی نہ کرے، اگر ایسا ہوا تو اس کے نتائج طویل مدت تک محسوس کیے جائیں گے۔

برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان پہلے ہی بھارت کو واضح پیغام دے چکی ہے، اور اب فوج کی جانب سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق، 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روکنا صرف ایک غیرذمہ دار اور جنونی شخص ہی سوچ سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ ایسا قدم اٹھا سکے، لیکن اگر کبھی ایسا وقت آیا تو دنیا پاکستان کا ردعمل خود دیکھے گی۔


ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج سیاسی قیادت کے فیصلوں پر مکمل عمل کرتی ہے اور جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کی جاتی ہے۔ تاہم، اگر مخالف فریق کی طرف سے خلاف ورزی کی گئی تو فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، اور جواب صرف اسی مقام تک محدود رہے گا جہاں سے خلاف ورزی کی گئی ہو۔


ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000 تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا، زیادہ حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے مگر تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ کے تمام اڈے مکمل فعال ہیں اور ایسی صلاحیت رکھتے ہیں کہ فوری طور پر جواب دیا جا سکے۔


انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دینے کی پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ جب تک بھارت سنجیدہ مذاکرات کی راہ اختیار نہیں کرتا، خطے میں تناؤ برقرار رہے گا اور خطرہ موجود رہے گا۔

ٹیگز: