ریاض / دبئی: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک میں شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں باضابطہ طور پر عید الفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔سعودی حکام کے مطابق بدھ کی شام مملکت بھر میں چاند دیکھنے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کیے گئے، تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں غبار اور بادلوں کے باعث چاند کی رویت میں مشکلات پیش آئیں۔
متحدہ عرب امارات کی رویتِ ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات 19 مارچ کو رمضان المبارک کا 30 واں اور آخری روزہ ہوگا، جبکہ یکم شوال بروز جمعہ کو ہوگی۔ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر ترکیہ میں پہلے ہی عید الفطر کے لیے جمعہ 20 مارچ کی تاریخ مقرر کی جا چکی تھی۔
سنگاپور کی اسلامی مذہبی مجلس نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہاں رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عید الفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔
ان اعلانات کے بعد ان تمام ممالک میں کل (جمعرات) رمضان المبارک کا 30 واں روزہ ہوگا، جس کے بعد جمعہ کی صبح نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے اور عید کی خوشیاں منائی جائیں گی۔