کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کروانے کے لیے ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر فی الحال صرف محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس میں وہ اپنی پوسٹس کے کیپشن میں کلک ایبل لنکس شامل کر سکیں گے۔ اس وقت انسٹاگرام، جو میٹا کی ملکیت ہے، کیپشن میں کسی بھی بیرونی ویب سائٹ کا لنک کلک ایبل بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔
صارفین اس فیچر کے منتظر تھے تاکہ وہ اپنی ویب سائٹس یا بلاگز کی ٹریفک انسٹاگرام سے بڑھا سکیں۔ ٹیسٹ کے دوران، ہر صارف ماہانہ بنیاد پر اپنی پوسٹس میں 10 لنکس شامل کر سکتا ہے۔
میٹا نے تصدیق کی ہے کہ یہ ٹیسٹ فی الحال میٹا ویریفائیڈ سبسکرائبرز میں کیا جا رہا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کب عام صارفین کے لیے متعارف ہوگا یا یہ صرف ویریفائیڈ صارفین تک محدود رہے گا۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام کے آغاز سے ہی کیپشن میں کلک ایبل لنکس کی اجازت نہیں تھی، اور یہ نیا فیچر صارفین اور کاروباری افراد کے لیے اہم اپ ڈیٹ ثابت ہو سکتا ہے۔