Wed, September 16, 2026

دہشت گرد 'بلوچیت' کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، اب لاحاصل جنگ کا خاتمہ ہو گا: سرفراز بگٹی

دہشت گرد 'بلوچیت' کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، اب لاحاصل جنگ کا خاتمہ ہو گا: سرفراز بگٹی

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے خواتین کے استحصال اور معصوم شہریوں کو ورغلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ قوم اب بیدار ہو چکی ہے اور وہ کسی صورت دہشت گردی کو قبول نہیں کرے گی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ دشمن عناصر 'بلوچیت' کے مقدس نام کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا دہشت گرد گروہ اپنی بزدلی چھپانے کے لیے اب بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں، جو کہ بلوچ روایات کے بھی منافی ہے۔خودکش بمبار خاتون 'لائبہ' کی بروقت گرفتاری سکیورٹی فورسز کا بڑا کارنامہ ہے، جس سے صوبے کو ایک ہولناک سانحے سے بچا لیا گیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے دو ٹوک الفاظ میں سرحد پار سے ہونے والی مداخلت کا ذکر کیا    پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے تمام عناصر اس وقت افغانستان کی سرزمین پر موجود ہیں۔ غیر قانونی افغان مہاجرین کو واپس بھیجنا ریاست کا ایک اٹل فیصلہ ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے آپریشن میں شامل تمام اہلکاروں اور افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور مستعدی کی بدولت ہی آج بلوچستان کے دشمن پسپائی اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بلوچ قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے روشن مستقبل کی خاطر اس لاحاصل جنگ کا حصہ بننے سے انکار کر دیں۔

ٹیگز: