Wed, September 16, 2026

فتنہ الہندوستان کا بلوچستان یا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں ، سرفراز بگٹی

فتنہ الہندوستان کا بلوچستان یا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں ، سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ "فتنہ الہندوستان" نامی گروہ کا بلوچستان یا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں جو دشمن ملک کے اشاروں پر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی موجود تھے۔ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بھارت، خاص طور پر اس کی خفیہ ایجنسی "را"، پاکستان میں پراکسی وار چلا رہی ہے، اور بلوچستان میں ہونے والی بیشتر دہشت گردی اسی کی فنڈنگ سے ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خضدار میں بچوں کو شہید کرنے جیسے واقعات کے پیچھے بھی یہی گروہ ہے۔ "را" نہ صرف ان دہشت گردوں کو فنڈز دے رہی ہے بلکہ انہیں حساس معلومات بھی فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف ریاست نے محدود آپریشن شروع کر رکھا ہے، اور ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جھوٹی خبریں چلا کر وہ پاکستان کی معیشت اور امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست صرف سیاسی جماعتوں سے بات کرتی ہے، دہشت گردوں سے نہیں۔ بندوق اٹھانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، کیونکہ ریاست اپنی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ہنر کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ 99 فیصد تعلیمی بھرتیاں میرٹ پر ہوئیں، بند اسکول دوبارہ کھولے گئے، اور نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بیرون ملک بھی بھیجا جا رہا ہے۔ آنے والے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے آسان قرضوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ٹیگز: