Wed, September 16, 2026

ایوی ایشن الرٹ: مشرقِ وسطیٰ میں جنگی بادل، پاکستان سے 83 پروازیں منسوخ، فضائی آپریشن مفلوج

ایوی ایشن الرٹ: مشرقِ وسطیٰ میں جنگی بادل، پاکستان سے 83 پروازیں منسوخ، فضائی آپریشن مفلوج

اسلام آباد/کراچی : خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال نے پاکستان کے فضائی رابطوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے لیے آج بھی پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے 83 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر فضائی سفر کے شیڈول میں درج ذیل بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پاکستان سے فجیرہ کے لیے تمام فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ شہرِ قائد سے دوحہ، بحرین، بغداد، دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے شیڈول 18 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پروازوں کی اچانک منسوخی نے سمندر پار پاکستانیوں اور کاروباری افراد کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ دبئی، شارجہ اور ابوظہبی جانے والے مسافروں کی ایک بڑی تعداد ایئرپورٹس پر متبادل پروازوں کی منتظر ہے۔بغداد کے لیے پروازوں کی بندش سے زائرین اور مسافروں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی اور مختلف ایئر لائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنے فلائٹ سٹیٹس کی آن لائن یا ہیلپ لائن کے ذریعے تصدیق لازمی کریں، کیونکہ خطے کی صورتحال کے باعث پروازوں کی منسوخی کا یہ سلسلہ مزید چند روز جاری رہ سکتا ہے۔

ٹیگز: