کراچی :کراچی میں چند روز کے وقفے کے بعد ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.5 جبکہ گہرائی 5.6 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مرکز ملیر کے شمال مغرب میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ملیر، گڈاپ، کورنگی، ڈی ایچ اے اور قائدآباد سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ خوفزدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین ارضیات کے مطابق، گزشتہ چند دنوں میں زلزلے کی سرگرمیوں میں اضافہ باعثِ تشویش ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کراچی کسی نئی فالٹ لائن کی سرگرمی کا سامنا کر رہا ہو۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری افواہوں سے بچنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔