Wed, September 16, 2026

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری

 قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد : قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہو گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی عاصم ملک بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت وفاقی کابینہ کے 38 اراکین بھی اس اجلاس میں شریک ہیں۔

اجلاس کے آغاز پر سپیکر ایاز صادق نے اپنے ابتدائی خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ "آج کے اجلاس میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش حالات میں اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے، اور یہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ہے۔ سپیکر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اپوزیشن نے آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کی، حالانکہ ہم نے انہیں بھی دعوت دی تھی۔" انہوں نے امید ظاہر کی کہ "اچھا ہوتا اگر اپوزیشن بھی شریک ہوتی، کیونکہ ہمیں مل کر ملک کو درپیش مسائل سے نکالنا ہے۔" 

اس کے علاوہ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا اور چاروں صوبوں کے آئی جیز بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 16 اراکین، جن کی قیادت بلاول بھٹو کر رہے ہیں، مسلم لیگ ق کے 2 اراکین، استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد اور مسلم لیگ ضیاء کے اعجاز الحق بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بشیر خان ایوان میں آئے، لیکن کچھ دیر رکنے کے بعد واپس چلے گئے۔ اجلاس کا آغاز سپیکر ایاز صادق کے ابتدائی کلمات سے ہوا، جس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کیا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی بی کی بریفنگ کے بعد بلاول بھٹو اور دیگر پارلیمانی رہنما اپنی بات رکھیں گے۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوگا، جس میں عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان پارلیمنٹ کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

ٹیگز: