واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھ لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی کوششوں کی بدولت دونوں ممالک کی جنگ بندی ممکن ہوئی۔
ٹرمپ نے پاکستان کے بارے میں مثبت رائے دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں اور پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، جسے وہ پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ پاکستان کے ایک بااثر رہنما ہیں۔
خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر آج امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ ملاقات اور ظہرانہ غیر معمولی نوعیت کا ہوگا، جس میں پریس کی شرکت متوقع نہیں ہے۔ اس ملاقات سے بھارت میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر کے ساتھ تقریباً 35 منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ وکرم مسری کے مطابق مودی نے ٹرمپ کو واضح کیا کہ بھارت پاکستان کے تنازع پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں کرے گا اور نہ ہی مذاکرات کے لیے آمادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "آپریشن سندور" اب بھی جاری ہے۔