Wed, September 16, 2026

پاکستان نہ جنگ کا خواہشمند ہے، نہ مذاکرات کا محتاج:بلاول بھٹو

 پاکستان نہ جنگ کا خواہشمند ہے، نہ مذاکرات کا محتاج:بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی اسے مذاکرات کی کوئی جلدی ہے، تاہم پائیدار امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حالیہ پانچ روزہ جھڑپوں میں بھارت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف امن قائم کرنے کی سنجیدہ کوششوں کی مخالفت کی بلکہ امریکا کی طرف سے کی گئی سفارتی پیش رفت کو بھی مسترد کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاک بھارت تنازعات کا کوئی عسکری حل ممکن نہیں، اور صرف دیانت دارانہ اور حقیقت پسندانہ سفارت کاری ہی خطے میں دیرپا امن لا سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ پانی کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے بھارت پر دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے، اور ٹرمپ کی طرف سے دیا جانے والا ظہرانہ خیرسگالی کا اشارہ ہے۔

ٹیگز: