ماسکو: روس نے امریکا کو واضح انتباہ دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو براہِ راست فوجی امداد فراہم کرنے یا اس بارے میں سوچنے سے باز رہے کیونکہ اس سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فوجی تعاون دینے کا فیصلہ خطے میں عدم استحکام کو بڑھا سکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ روس ایران اور اسرائیل دونوں سے رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ امریکا ایران پر اسرائیل کے ممکنہ حملوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ امریکی میڈیا نے بھی اطلاع دی ہے کہ واشنگٹن میں یہ بات زیر غور ہے کہ آیا ایران پر اسرائیل کے ساتھ مل کر فضائی کارروائی کی جائے۔
روس کی یہ پیشگی وارننگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ خطے میں حالات انتہائی نازک ہیں اور کسی بھی غیر متوازن اقدام سے بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔