Wed, September 16, 2026

جنگ ہو یا امن، مسلط نہیں ہونے دیں گے: ایرانی سپریم لیڈر

جنگ ہو یا امن، مسلط نہیں ہونے دیں گے: ایرانی سپریم لیڈر

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں امریکا کو تنبیہ کی ہے کہ ایران کسی بھی صورت میں دباؤ، دھمکی یا زبردستی کے تحت ہتھیار نہیں ڈالے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نہ مسلط کردہ جنگ تسلیم کرے گا اور نہ ہی مسلط کردہ امن کو قبول کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں کی زبان ایران کو قابلِ قبول نہیں، اور امریکا کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو اس کے نتائج نہایت خطرناک اور ناقابلِ برداشت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں اور وطن پر کیے گئے حملوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ اسرائیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست نے سنگین غلطی کی ہے اور وہ ضرور اس کی قیمت ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ’بلا شرط ہتھیار ڈالنے‘ کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ جانتے ہیں ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہیں، تاہم فی الحال انہیں ہدف بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

ٹیگز: