Wed, September 16, 2026

آلودہ پانی، صحت عامہ کیلئے بڑھتا ہوا خطرہ

آلودہ پانی، صحت عامہ کیلئے بڑھتا ہوا خطرہ

پاکستان میں پانی کی آلودگی ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر سرکاری اور عوامی سطح پر ہماری توجہ بہت کم ہے۔ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے مگر یہی نعمت آج لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بیماریوں کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ صنعتوں کا زہریلا فضلہ،کیمیکل،گندا سیوریج اور پلاسٹک کا کچرا بغیر کسی مو¿ثر صفائی کے دریاوں،نہروں اور آبی ذخائر میں شامل ہو جاتا ہے۔ یہی آلودہ پانی مختلف راستوں سے دوبارہ انسانی استعمال میں آتا ہے اور مہلک بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔ پانی کا بحران صرف عوام کی ذمہ داری نہیں بلکہ بنیادی ذمہ داری حکومتوں پر عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ ٹیکس وصول کرتی ہیں اور شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ان کی آئینی ذمہ داری ہے۔ حکومتیں ڈیم بنا سکتی ہیں،نہری نظام کو بہتر بنا سکتی ہیں، پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے شروع کر سکتی ہیں اور جدید آبپاشی کے طریقے متعارف کرا سکتی ہیں۔ مگر اگر عام شہری اپنے رویے تبدیل نہ کریں تو کوئی بھی منصوبہ دیرپا نتائج نہیں دے سکتا۔ جس معاشرے میں لوگ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں وہاں وسائل بھی زیادہ عرصے تک محفوظ رہتے ہیں۔
 کئی علاقوں میں پانی کی پائپ لائنیں ٹوٹی ہوئی سیوریج لائنوں کے ساتھ گزرتی ہیں اور معمولی سی خرابی گندے پانی کو صاف پانی میں شامل کر دیتی ہے۔ اس غفلت کی قیمت عام شہری اپنی صحت سے ادا کرتا ہے جبکہ غریب خاندان اپنی معمولی آمدنی کا بڑا حصہ علاج پر خرچ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔یہ مسئلہ صرف صحت تک محدود نہیں بلکہ معیشت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ بیمار افرادی قوت کسی بھی ملک کی ترقی کی رفتار کو سست کر دیتی ہے۔ جب لوگ بار بار بیماریوں کا شکار ہوں گے تو ان کی کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوگی۔ بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی اور خاندان معاشی دباو¿ کا شکار ہوں گے۔ یوں پانی کی آلودگی ایک طبی مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی بحران بھی بن جاتی ہے۔
اسلام نے بھی پانی کی اہمیت پر خصوصی زور دیا ہے۔ وضو جیسے مقدس عمل میں بھی پانی کے ضیاع سے منع کیا گیا ہے۔ یہ تعلیم اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ وسائل کی حفاظت صرف معاشی ضرورت نہیں بلکہ اخلاقی اور دینی ذمہ داری بھی ہے۔ اگر ہم اپنی دینی تعلیمات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیں تو پانی کے استعمال میں خود بخود اعتدال پیدا ہو سکتا ہے۔
دنیا کے کئی ممالک نے پانی کی کمی اور آلودگی کے باوجود دانشمندانہ منصوبہ بندی سے اپنے حالات بہتر بنائے ہیں، بارش کے پانی کو محفوظ کرنا، جدید آبپاشی کے طریقے اپنانا،گندے پانی کو صاف کر کے دوبارہ قابل استعمال بنانا۔ پانی کے ضیاع پر سخت قوانین نافذ کرنا اور عوام میں شعور پیدا کرنا ایسے اقدامات ہیں جن سے قابل ذکر نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ پاکستان بھی ان تجربات سے سیکھ سکتا ہے بشرطیکہ ہم وقتی مفادات سے نکل کر طویل المدتی منصوبہ بندی کو ترجیح دیں۔
حقیقت یہ ہے کہ پانی صرف ہماری ضرورت نہیں بلکہ ہماری بقا کی ضمانت ہے۔ اگر پانی محفوظ ہے تو زراعت محفوظ ہے، معیشت محفوظ ہے،صحت محفوظ ہے اور آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی محفوظ ہے۔ لیکن اگر ہم نے اس نعمت کی قدر نہ کی تو آنے والا وقت ہمیں معاف نہیں کرے گا۔ ہمارے بچے شاید یہ سوال کریں کہ جب خطرہ ہمارے سامنے موجود تھا تو ہم نے اسے روکنے کے لیے کیا کیا تھا۔وقت ابھی بھی ہمارے ہاتھ میں ہے۔ ہم چاہیں تو اپنے گھروں سے اس تبدیلی کا آغاز کر سکتے ہیں۔ غیر ضروری پانی بہانے سے گریز کریں۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی عادت اپنائیں۔ درخت لگائیں کیونکہ درخت پانی کے قدرتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ پانی کے ذرائع کو آلودہ ہونے سے بچائیں اور دوسروں میں بھی اس شعور کو عام کریں۔ قومیں صرف بڑے فیصلوں سے نہیں بلکہ روزمرہ کی چھوٹی ذمہ داریوں سے اپنا مستقبل محفوظ بناتی ہیں کیونکہ پانی کی ہر بوند ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ قدرت کی نعمتیں لامحدود نہیں ہوتیں۔ اگر ہم نے آج ان کی حفاظت کر لی تو آنے والا کل محفوظ ہو گا۔ لیکن اگر ہم نے غفلت کو اپنا معمول بنا لیا تو شاید وہ وقت بھی آ جائے جب پانی صرف پیاس بجھانے کا ذریعہ نہیں بلکہ زندگی اور موت کے درمیان سب سے قیمتی سرمایہ بن جائے۔ اس وقت افسوس اور پچھتاوا کسی کام نہیں آئے گا۔ دانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ ہم آج ہی اس خاموش خطرے کو پہچانیں کیونکہ ایک صحت مند پاکستان کی بنیاد صاف پانی سے ہی رکھی جا سکتی ہے۔

ٹیگز: