لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق، لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 353 تک پہنچ گیا ہے، جو شہر کی فضائی آلودگی کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کے سب سے آلودہ شہر کے طور پر سر فہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 702 تک پہنچ چکا ہے، جو انسانوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں ہے۔ گوجرانوالہ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی مقدار 934 ریکارڈ کی گئی، فیصل آباد میں یہ 491، ملتان میں 228 اور پشاور میں 172 تک پہنچی۔ ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ اس آلودگی کے مضر اثرات سے بچ سکیں۔
آلودگی کی یہ بڑھتی ہوئی سطح عوامی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ شہریوں کو اس آلودگی سے بچایا جا سکے۔