اسلام آباد : وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔وزیرِ توانائی نے وزارت کے حکام اور تمام تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان کاکہنا ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اویس لغاری نے واضح کیا کہ جن فیڈرز پر بجلی چوری یا نقصانات زیادہ ہیں، وہاں بھی سحر و افطار کے دوران بجلی بند نہیں کی جائے گی۔تمام فیڈرز کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل سسٹم فعال کر دیا گیا ہے جو براہِ راست وزیرِ توانائی کی نگرانی میں کام کرے گا۔
سردار اویس لغاری کا کہنا تھا کہ روزہ داروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم نے ایسا نظام وضع کیا ہے جس کے ذریعے ہر فیڈر کی کارکردگی کو لمحہ بہ لمحہ دیکھا جا سکے گا تاکہ کہیں بھی تکنیکی خرابی ہو تو اسے فوری دور کیا جائے۔اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو گرمی اور لوڈشیڈنگ سے بچا کر عبادات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔