کابل / دبئی : بین الاقوامی خبر رساں ادارے گلف نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان حکومت کی مبینہ آمریت، انتظامی نااہلی اور دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی نے افغان شہریوں کو دنیا سے کاٹ کر رکھ دیا ہے۔ تازہ ترین عالمی پاسپورٹ انڈیکس میں افغان پاسپورٹ پست ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
پاسپورٹ انڈیکس میں افغانستان 101 ویں پوزیشن کے ساتھ دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔افغان پاسپورٹ کے حامل شہری اب دنیا کے صرف 25 ممالک میں سفر کرنے کے اہل ہیں، جو کہ کسی بھی قوم کے لیے سفری پابندیوں کی بدترین صورتحال ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور سیاسی عدم استحکام نے افغان سفری دستاویزات کی ساکھ کو عالمی سطح پر ملیا میٹ کر دیا ہے۔ سخت گیر قوانین اور خواتین کے حقوق پر پابندیوں نے افغانستان کو عالمی برادری سے دور کر دیا ہے۔
دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے خدشات کی بنا پر دنیا کے اکثر ممالک نے افغان شہریوں کے لیے ویزا پالیسیاں انتہائی سخت کر دی ہیں۔پاسپورٹ کے حصول میں دشواری اور سرکاری نظام کی کمزوری نے افغان عوام کی مشکلات کو دوچند کر دیا ہے۔ "افغان پاسپورٹ کی 101 ویں درجے پر موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب کابل کے موجودہ نظام پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔"