Wed, September 16, 2026

ڈی جی آئی ایس پی آرکی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے اساتذہ ، طلبہ کیساتھ نشست

ڈی جی آئی ایس پی آرکی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے اساتذہ ، طلبہ کیساتھ نشست

اسلام آباد : ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، غلط معلومات (مس انفارمیشن) اور ڈس انفارمیشن کے پھیلاؤ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر، ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکاء کے سوالات کے واضح اور مدلل جوابات دیے۔ تقریب کے اختتام پر، طلبہ اور اساتذہ نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور ان کی حب الوطنی کی مثالیں پیش کیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ غیر مصدقہ اور بغیر تحقیق کے معلومات کا پھیلاؤ ملک کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور ایسے آگاہی سیشنز اس مسئلے کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا۔ طلبہ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کے تمام سوالات کا تفصیلی اور قابلِ فہم جواب دیا گیا۔

نشست کے دوران یہ بات بھی زیرِ بحث آئی کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے نہ صرف افواج کا کردار اہم ہے، بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری بھی ناگزیر ہے۔ اس کے علاوہ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اداروں کے درمیان تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے سیشنز کا تسلسل ضروری ہے تاکہ نوجوانوں میں قومی مسائل کے بارے میں آگاہی بڑھے اور وہ قوم کے مفادات کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس نشست نے طلبہ کو فتنہ الخوارج اور دیگر قومی مسائل سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں، اور ان کے ذہنوں میں اس بارے میں شعور اجاگر کیا۔

آخر میں، تمام شرکاء نے یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا، "پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں"۔

ٹیگز: