Wed, September 16, 2026

نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-27 میں ترامیم منظور، کے پی اور نیپرا سے مشاورت کی ہدایت

نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-27 میں ترامیم منظور، کے پی اور نیپرا سے مشاورت کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم میں توانائی کے شعبے میں مربوط منصوبہ بندی اور بجلی کی پیداوار میں اضافے سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔ دور دراز علاقوں کو قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی فراہمی اور بجلی کی کراس بارڈر تجارت کے امور بھی ترمیم شدہ پلان کا حصہ ہوں گے۔

کابینہ کمیٹی نے ترسیلی نظام کی توسیع، ٹیرف ڈیزائن، بجلی کی بچت، سسٹم و مارکیٹ آپریشنز اور خطرات کی نشاندہی سے متعلق ترامیم بھی منظور کرلیں۔

ترمیم شدہ پلان میں ایندھن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مقامی استعداد کار بہتر بنانے، تحقیق و ترقی اور ڈیجیٹائزیشن پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مزید مشاورت کی جائے۔

ٹیگز: