راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو متحرک کردیا ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 7 فٹ تک بلند ہوئی۔ شمس آباد میں 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیرودہائی میں 72، گوالمنڈی میں 59، کچہری میں 26 اور نیو کٹاریاں میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اسلام آباد کے مختلف رین فال گیجنگ اسٹیشنز پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں سیدپور، گولڑہ، بوکڑہ اور پی ایم ڈی اسٹیشن شامل ہیں۔
موسلادھار بارش کے باعث مری روڈ سمیت راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس کے بعد واسا کی ٹیموں نے نکاسی آب کے لیے ڈی واٹرنگ آپریشن شروع کردیا۔ انتظامیہ کی جانب سے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔