اسلام آباد:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ کر سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کر دی ہے۔
سہیل آفریدی نے اپنے خط میں بتایا کہ وہ پہلے وفاقی وزیر داخلہ اور پنجاب کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ملاقات کے لیے درخواست دے چکے ہیں، لیکن ان کی کوششوں کے باوجود عمران خان سے ملاقات ممکن نہیں ہو سکی۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ چونکہ وہ صوبے کے منتخب نمائندے ہیں اور ساڑھے چار کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے انہیں یہ آئینی اور اخلاقی ذمہ داری حاصل ہے کہ وہ اپنی سیاسی جماعت کے قائد سے رہنمائی حاصل کریں۔
انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کو ہدایت کی جائے کہ وہ سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیں تاکہ وہ اپنے سیاسی فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔
خیبر پختونخوا حکومت نے بھی عدالت سے رجوع کر کے سہیل آفریدی اور عمران خان کی ملاقات کے معاملے میں مدد طلب کی ہے۔