لنشاسا :افریقی ملک کانگو کے صوبے لوالابا میں تانبے کی کان دھنسنے کے نتیجے میں 43 کان کن ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کان میں بنائے گئے عارضی پل کا ایک حصہ گر گیا، جس سے متعدد افراد اس کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ اب تک 43 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں ابھی جاری ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کانگو کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے تک رسائی پر پہلے ہی پابندی تھی، لیکن غیر قانونی کان کنوں نے زبردستی کان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پل گر گیا۔
کانگو میں تقریباً دو لاکھ افراد غیر قانونی طور پر کانوں میں کام کرتے ہیں، جہاں حفاظتی انتظامات کی کمی اور انتہائی خطرناک حالات کی وجہ سے ایسے حادثات عام ہیں۔ یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ غیر قانونی کان کنی کی وجہ سے ہزاروں افراد کی زندگی خطرے میں ہے۔