اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے مزید دو ججز، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے دونوں ججز سے حلف لیا، اور یہ تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے دیگر ججز، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز، لاء افسران اور عدالتی عملہ بھی موجود تھا۔
اس موقع پر وفاقی آئینی عدالت کے ججز جسٹس حسن رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقی نجفی اور جسٹس کے کے آغا بھی تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر ججز بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے آئینی عدالت کے لیے تین بنچ تشکیل دیے ہیں۔ بنچ 1 میں خود چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقی نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔ بنچ 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا جبکہ بنچ 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان ہوں گے۔ یہ بنچ آج سے مقدمات کی سماعت کا آغاز کریں گے۔
اس کے علاوہ، وفاقی آئینی عدالت کی اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ ون میں سماعت کریں گے، جبکہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ ٹو میں بیٹھیں گے۔ دیگر ججز کی عدالتیں بھی منتقل کی جا رہی ہیں، اور آئینی عدالت کے ججز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اظہر رضوی کو تھرڈ فلور پر عدالتیں ملیں گی۔