اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے قازقستان میں 15 مارچ کو منعقد ہونے والے آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر صدر توکایووف کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اور آئینی ترامیم کی حمایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عوام کو صدر کی قیادت اور اصلاحاتی پروگرام پر بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان اقدامات سے قازقستان میں گورننس، ادارہ جاتی مضبوطی اور ترقی کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر توکایووف کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام باہمی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطے میں رہیں گے۔
صدر توکایووف نے ایک بار پھر وزیراعظم کو سال کے آخر میں قازقستان کے دورے کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص افغانستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے تعاون، رابطوں اور مکالمے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے صدر توکایووف اور قازقستان کے عوام کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔