Wed, September 16, 2026

شہباز شریف کا قازق سفیر کو خراجِ تحسین، پاک قازق سٹریٹجک شراکت داری آگے بڑھانے کا عزم

شہباز شریف کا قازق سفیر کو خراجِ تحسین، پاک قازق سٹریٹجک شراکت داری آگے بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاک قازقستان تعلقات، دوطرفہ تعاون اور باہمی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے قازق سفیر کی پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے فروری 2026 میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سفیر کے کردار کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، توانائی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

قازق سفیر یرژان کستافین نے اپنے دورِ سفارت کے دوران ملنے والے تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قازق سفیر کے لیے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ٹیگز: