Wed, September 16, 2026

سندھ کا 3 ہزار 562 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش: تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ، کم ازکم اجرت 43 ہزار مقرر

سندھ کا 3 ہزار 562 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش: تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ، کم ازکم اجرت 43 ہزار مقرر

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال کے لیے 3 ہزار 562 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ اور کم ازکم اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار روپے کرنے کی تجویز شامل ہے۔

بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت اور سماجی تحفظ کے شعبوں کے لیے بڑے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا گیا ہے۔ تعلیم کے لیے 25.9 ارب روپے اور صحت کے لیے 17.4 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی معاونتی خدمات پر سیلز ٹیکس کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔

زرعی شعبے میں ریلیف دیتے ہوئے زرعی سپر ٹیکس کی استثنیٰ حد 150 ملین سے بڑھا کر 500 ملین روپے کر دی گئی ہے اور اس کی شرح 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ زراعت اور لائیو اسٹاک کے منصوبوں کے لیے 6.3 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لیے 39.5 ارب روپے، جبکہ سماجی تحفظ کے لیے 13.2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے بڑے ہاؤسنگ پروگرام کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے تحت 17 لاکھ گھروں کی تعمیر اور 2 لاکھ 75 ہزار مفت سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم شامل ہے۔ ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے 1.675 ارب ڈالر کے فنڈز حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں انشورنس ایجنٹس اور بروکرز پر ٹیکس میں کمی اور این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے کے تحفظ کی یقین دہانی بھی بجٹ کا حصہ ہے۔

ٹیگز: