اسلام آباد : پاکستان کے مختلف شہروں میں بادلوں کی آمد اور بارشوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ کہیں ہلکی بوندا باندی تو کہیں زور دار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور شہریوں کو سکون کا سانس لینے کا موقع ملا۔
لاہور میں کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، جس سے گرمی میں واضح کمی آئی۔ کراچی کے علاقوں، خصوصاً ملیر اور ملیر کینٹ میں بھی بادل برسے اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
ادھر بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم ٹھنڈا ہو گیا۔
مظفرآباد، آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش جاری رہی، جس نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے آئندہ دنوں میں موسم مزید بہتر ہو سکتا ہے۔