Wed, September 16, 2026

حکومت نے پٹرول کی قلت نہیں ہونے دی، قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہوگا: عطا تارڑ

حکومت نے پٹرول کی قلت نہیں ہونے دی، قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہوگا: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی بروقت اور مؤثر پالیسیوں کے باعث ملک میں پٹرول کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی، جبکہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر شفاف انداز میں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تعلق خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خطے میں کشیدگی بڑھی تو دنیا کے کئی ممالک میں پٹرول کے حصول کے لیے طویل قطاریں لگ گئیں، تاہم وزیراعظم کی ہدایات پر فوری اقدامات کیے گئے اور مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر ملکی توانائی ضروریات پوری کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر حکمت عملی کے باعث ملک کو توانائی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر 131 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جبکہ پٹرولیم لیوی میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی بھی کمپنی کو اضافی منافع کمانے کی اجازت نہیں دی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عطا تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل کے توانائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو تیزی سے الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقل ہونا ہوگا۔

ٹیگز: