Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز پر کشیدگی برقرار، واشنگٹن نے تہران پر معاہدہ توڑنے کا الزام لگا دیا

آبنائے ہرمز پر کشیدگی برقرار، واشنگٹن نے تہران پر معاہدہ توڑنے کا الزام لگا دیا

واشنگٹن:امریکا نے ایران پر باہمی مفاہمت کے تحت کیے گئے وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے طے شدہ شرائط کی پاسداری نہیں کی، تاہم اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بدستور جاری ہیں اور ایران جوہری معاہدے پر پیش رفت کا خواہاں ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ صورتحال پر مشاورت کی، جس کے بعد صدر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران کے ساتھ سفارتی چینلز فعال ہیں اور دونوں فریق مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران مسلسل امریکی حکام سے رابطے میں ہے اور نئی مفاہمت تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتا ہے، کیونکہ حالیہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اسے نمایاں عسکری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

کیرولین لیویٹ کے مطابق امریکی حملوں کی بنیادی وجہ ایران کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو نشانہ نہیں بنائے گا، مگر بعد ازاں اس نے اس وعدے کے برعکس کارروائیاں کیں، جس کے بعد امریکا نے فوجی ردعمل دیا۔

ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ عالمی تجارتی راستوں اور بحری جہازوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ایسی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صدر کی ہدایت پر ایران سے منسلک بحری سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے امریکی بحریہ نے ایرانی بندرگاہوں کی آمدورفت سے وابستہ جہازوں کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی ہے۔ تاہم دیگر ممالک کے تجارتی جہاز معمول کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی بحریہ خطے میں موجود ہے تاکہ عالمی تجارتی راستوں کو محفوظ رکھا جا سکے اور بین الاقوامی جہاز رانی بلا تعطل جاری رہے۔

امریکی انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہے، تاہم ایران کو کسی بھی آئندہ معاہدے کے لیے اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔

ادھر وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ایران کے ساتھ جاری کشیدگی، حالیہ پیش رفت اور امریکی پالیسی کے حوالے سے قوم سے اہم خطاب کریں گے۔
 
 

ٹیگز: