Wed, September 16, 2026

وفاق، صوبوں کو موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے وسائل فراہم کرے گا: وزیراعظم

وفاق، صوبوں کو موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے وسائل فراہم کرے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اُن ملکوں میں شامل ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلی نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مربوط اور فوری اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں جدید سسٹمز اور ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے تاکہ بارشوں اور دیگر قدرتی آفات کے اثرات سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد، لاہور اور چکوال سمیت پنجاب اور شمالی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جن سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں نے مشکل صورتحال کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا، اور اب ہمیں مستقبل کے خطرات کے لیے پیشگی تیاری کرنی چاہیے۔ این ڈی ایم اے کو صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ردعمل مزید مؤثر ہو۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کو مزید وسائل، آلات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، اور ہمیں آئندہ برس کے لیے ابھی سے مکمل حکمت عملی بنا لینی چاہیے۔

انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ منصوبہ بندی اور موسمیاتی تبدیلی کے وزرا ایک جامع اور باہمی مشاورت پر مبنی منصوبہ بنائیں، جبکہ عوامی شعور بیدار کرنے کی موجودہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ لوگ بروقت احتیاطی اقدامات کر سکیں۔

ٹیگز: