پالی کیلے :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہو گیا! 2021 کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا سپر ایٹ مرحلے تک رسائی میں ناکام ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کی قسمت کا فیصلہ کسی جیت یا ہار سے نہیں بلکہ پالیکیلے میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے کر دیا۔
آسٹریلیا کی ورلڈ کپ میں بقا کا انحصار مکمل طور پر آئرلینڈ کی زمبابوے کے خلاف جیت پر تھا، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان اہم ترین میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
بارش سے ملنے والے ایک پوائنٹ نے زمبابوے کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 5 کر دی، جس کے ساتھ ہی وہ آفیشل طور پر سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔ دوسری جانب آسٹریلیا، جس کے صرف 2 پوائنٹس ہیں، اب اگر اپنا آخری میچ جیت بھی جائے تو 4 پوائنٹس سے آگے نہیں بڑھ سکے گی، یوں کینگروز کا سفر گروپ مرحلے پر ہی تمام ہو گیا۔
آسٹریلیا کے لیے یہ ورلڈ کپ کسی ڈراؤنے خواب سے کم ثابت نہیں ہوا۔ سری لنکا اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست نے کینگروز کو پہلے ہی دیوار سے لگا دیا تھا۔ آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ کی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔